شاہی عیدگاہ اوٹکور کے انتظامات کا معائنہ

   

سرپنچ رینو کا بھارت کی جانب سے پانچ مساجد میں افطار کا اہتمام
اوٹکور۔ 15؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے پیش نظر اوٹکور مستقر میں صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ اوٹکور کی سرپنچ محترمہ رینو کا بھارت کی نگرانی میں گاؤں کے مختلف علاقوں میں صفائی مہم چلائی گئی تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر سرپنچ رینو کا بھارت کی جانب سے اوٹکور مستقر کی پانچ مساجد میں روزہ داروں کے لیے افطار پارٹی کا خصوصی نظم کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں روزہ داروں نے شرکت کرتے ہوئے افطار کیا۔ اس کے علاوہ اوٹکور چیک پوسٹ سے عیدگاہ شاہی تک جانے والے راستے پر مرم ڈال کر سڑک کو ہموار کیا گیا تاکہ نمازیوں اور عوام کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ سرپنچ نے عیدگاہ شاہی کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سابق سرپنچ بھاسکر، رمیش، محمد عامر (سینیئر قائد بی جے پی) اور دیگر معززین و عوام موجود تھے۔ اوٹکور کے عوام نے سرپنچ رینو کا بھارت کی ان عوامی خدمات اور رمضان المبارک کے موقع پر کیے گئے انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح عوامی فلاح و بہبود کے کام جاری رہیں گے۔اس موقع پر عید گاہ شاہی صدر عبدالخالق،کے علاوہ سابق نائب سرپنچ محمد رفیع پرلا موجود تھے۔