شاہی مسجد باغ عامہ میں تعمیری اور مرمتی کاموں کا آغاز

   

وقف بورڈ سے 70 لاکھ کی منظوری، رمضان المبارک سے قبل تکمیل کیلئے صدرنشین محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد۔12۔نومبر (سیاست نیوز) شہر کی تاریخی شاہی مسجد باغ عامہ کی تزئین نو کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ تلنگانہ وقف بورڈ کے صدرنشین محمد سلیم نے مسجد میں مصلیوں کو درپیش مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے وقف بورڈ سے 70 لاکھ روپئے کی رقمی منظوری حاصل کی ہے تاکہ مسجد کے صحن میں موجود شیڈ کو مکمل طور پر تبدیل کیا جائے۔ اس کے علاوہ فلورنگ، بیت الخلاؤں کی تعمیر اور مسجد کی عمارت کی مرمت کے امور انجام دیئے جائیں گے ۔ شیڈ کی تبدیلی کا کام گزشتہ دو دن سے جاری ہے۔ موجودہ شیڈ کی جگہ مزید بلندی کے ساتھ نیا شیڈ تعمیر کیا جائے گا تاکہ مصلی گرما اور بارش میں محفوظ رہیں۔ وقف بورڈ نے 70 لاکھ روپئے کے کاموں کی منظوری دی ہے اور پہلے مرحلہ میں 52 لاکھ روپئے کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود سے منظوری کے بعد تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو تعمیری کام تفویض کیا گیا اور کارپوریشن نے ٹنڈر طلب کرتے ہوئے کام الاٹ کئے ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ شیڈ کی تعمیر پر 34 لاکھ روپئے کا خرچ آئے گا ۔ مسجد میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مصلی موجود رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ نماز جمعہ کے موقع پر ہزاروں مصلی شہر کے مختلف علاقوں سے مسجد کا رخ کرتے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے رمضان المبارک سے قبل کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اس تاریخی مسجد میں دور دراز سے آنے والے مصلیوں کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔ فلورنگ کے کام کی تکمیل کے بعد مسجد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔ محمد سلیم نے کہا کہ تاریخی مکہ مسجد کے تعمیری اور مرمتی کاموں کی رمضان المبارک سے قبل تکمیل کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ر