وقف بورڈ گرانٹ ان ایڈ سے ایک کروڑ خرچ کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد : شاہی مسجد باغ عامہ کی ترقی اور تزئین نو کیلئے وقف بورڈ گرانٹ ان ایڈ سے ایک کروڑ روپئے خرچ کرے گا۔ ترقیاتی کاموں کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے سرکاری ایجنسی کی نگرانی میں عنقریب ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج تعمیری کاموں کی تکمیل کیلئے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ حکومت نے وقف بورڈ کو تعمیری کاموں کی اجازت دی ہے۔ اس قدیم و تاریخی مسجد کا نیا شیڈ تعمیر کیا جائے گا اور بیرونی حصہ میں فلورنگ کی جائے گی۔ مسجد کی عمارت کی مرمت اور تزئین نو کا بھی منصوبہ ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ شہر کے مرکزی مقام پر واقع اس مسجد میں روزانہ سینکڑوں اور جمعہ کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں مصلی ہوتے ہیں۔ مصلیوں کی سہولت کیلئے وقف بورڈ نے ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دیتے ہوئے پلان کو منظوری دی ہے۔ تلنگانہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر انفراسٹرکچر کارپوریشن کو کام الاٹ کیا گیا ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے عنقریب ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ محمد سلیم نے رمضان المبارک سے قبل کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی۔ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اجلاس میں ایگزیکیٹیو انجینئر کارپوریشن رویندر ریڈی، ڈپٹی ڈائرکٹر آرکیالوجیکل ڈپارٹمنٹ بی نارائنا، مولانا حسن الحمومی امام مسجد، محمد قاسم ڈسٹرکٹ مائناریٹیز ویلفیر آفیسر اور وقف بورڈ کے عہدیدار شریک تھے۔