شاہ اردن کیخلاف سازش ،2 افراد کو 15 سال قید

   

عمان: اردن میں شاہ عبداللہ دوم کو بادشاہت سے ہٹانے اور حکومت کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کرنے والے شریف حسن زید اور باسم عواد اللہ کو پندرہ پندرہ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کے دور کے ایک رشتہ دار شریف حسن زید اور شاہی عدالت کے ایک سابق سربراہ باسم عواد اللہ کو شاہی بغاوت کا منصوبہ تیار کرنے پر 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔شاہ عبداللہ دوم کے اتحادی اور شاہی عدالت کے سابق سربراہ باسم عواد اللہ امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں اور ایک بار شاہ عبداللہ دوم کے اعلیٰ معاون برائے خزانہ کے طور پر بھی فرائض انجام دیتے رہے ہیں جبکہ شریف حسن بن زید، شاہ عبداللہ کے دور کے رشتہ دار ہیں جو سعودی عرب میں اردن کے سفیر رہ چکے ہیں۔اردن کی عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ مذکورہ دونوں افراد نے سابق ولی عہد اور شاہ عبداللہ دوم کے سوتیلے بھائی شہزادہ حمزہ کو بادشاہت سنبھالنے کے لیے اکسایا تھا جس کے ٹھوس شواہد ملے ہیں۔