نئی دہلی۔ یکم ؍ اگست (یو این آئی) کنگ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان اور اداکار وکرانت میسی کو بہترین اداکار اور رانی مکھرجی کو بہترین اداکارہ کے قومی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ 71ویں قومی فلم ایوارڈز کا اعلان جمعہ کو دارالحکومت دہلی کے نیشنل میڈیا سینٹر میں کیا گیا۔ شاہ رخ خان اور وکرانت میسی کو مشترکہ طور پر بہترین اداکار کے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔ شاہ رخ کو ان کی فلم جوان اوروکرانت کو12ویں فیل کے لیے ایوارڈ ملا ہے ۔ رانی مکھرجی کو فلم مسز چٹرجی ورسزناروے کے لیے بہترین اداکارہ کے قومی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ فلم کٹہل کو بہترین ہندی فلم کے لیے منتخب کیا گیا ہے ۔ کرن جوہر کی راکی اور رانی کی پریم کہانی نے بہترین تفریح فراہم کرنے والی بہترین مقبول فلم کا نیشنل فلم ایوارڈ جیتا۔ ودھو ونود چوپڑا کی12ویں فیل کو بہترین فیچر فلم کے طور پر چنا گیا، جب کہ سدیپٹو سین کو‘دی کیرالہ اسٹوری’ کے لیے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ملا۔ سماجی اور ماحولیاتی اقدار کو فروغ دینے والی بہترین فیچر فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔ سام بہادر کو ملبوسات اور میک اپ پر بھی ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین کوریوگرافی کا ایوارڈ راکی اور رانی کی پریم کہانی (ہندی) کے لیے کوریوگرافر ویبھوی مرچنٹ کو دیا گیا۔