ممبئی: بالی ووڈ کے تینوں خان اسٹارز میں صرف سلمان ہی رہ گئے ہیں جن کی زندگی میں ابھی تک کوئی ’’گوری‘‘ موجود نہیں۔ عامر خان نے اپنی نئی گرل فرینڈ گوری اسپراٹ کو حال ہی میں اپنی 60 ویں سالگرہ کی پیشگی تقریب پر میڈیا سے متعارف کروایا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کی شریک حیات کا نام بھی گوری ہے۔ اس طرح بالی ووڈ کے تینوں خان اداکاروں میں صرف سلمان کی زندگی میں ابھی تک کوئی ’’گوری‘‘ موجود نہیں ہے۔ نام کی مماثلت کو دیکھتے ہوئے ایک صحافی نے میڈیا سے ملاقات کے دوران عامر خان سے پوچھا کہ کیا سلمان خان کو بھی اپنی گوری ملے گی؟ اس پر عامر نے مزے دار جواب دیا۔ صحافی نے عامر خان کو چھیڑتے ہوئے ادھورا سوال پوچھا، ’’شاہ رخ کے پاس گوری ہے، اب آپ کے پاس بھی ہے۔ اب سلمان کو بھی…‘‘ اور جملہ ادھورا چھوڑ دیا۔ عامر نے فوراً جملہ مکمل کرتے ہوئے کہا، ’’سلمان کو بھی گوری ڈھونڈ لینی چاہیے؟‘‘ جب صحافی نے بتایا کہ یہی ان کا مطلب تھا، تو عامر خان نے مذاق میں کہا، ’’سلمان اب کیا ڈھونڈے گا؟‘‘ عامر سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا سلمان کسی قسم کے رشتوں کے معاملے میں ان سے یا شاہ رخ سے مشورہ لیتے ہیں؟ عامر نے کہا، ’’سلمان وہی کریں گے جو ان کے لیے اچھا ہو۔‘‘ عامر خان کی گرل فرینڈ گوری بنگلور سے تعلق رکھتی ہیں۔ فی الحال، وہ عامر کی پروڈکشن فرم کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ عامر خان نے شاہ رخ خان اور سلمان خان کو اپنے ممبئی رہائش گاہ پر گوری اسپراٹ سے ملنے کے لیے بھی مدعو کیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سلمان خان کب اپنی ’’گوری‘‘ ڈھونڈتے ہیں، یا وہ یہی کہیں گے، ’’گوری تو میرے پاس بھی ہے، بس وہ میری فلموں میں ہی ہے!‘‘