شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کے خلاف معاملہ درج

   

بھرت پور، 26 اگست (یو این آئی) راجستھان کے بھرت پور کے متھرا گیٹ تھانے کی پولیس نے منگل کو ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (اے سی جے ایم) 2 کے حکم پر اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ دیپیکا پاڈوکون سمیت چھ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ معاملہ ہیونڈئی کمپنی سے متعلق ہے جس نے اپنے اشتہار میں کار کی تیاری میں خرابیوں کے بارے میں صارفین کو آگاہ نہیں کیا۔
اس سلسلے میں یہ درخواست بھرت پور کے کیرتی سنگھ نے دائر کی تھی۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمپنی افسران اور کار کے برانڈ ایمبیسیڈر شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون نے صارفین کو گمراہ کر کے گاڑی فروخت کرنے میں رول ادا کیا۔ عدالت کے حکم پر متھرا گیٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔