شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی ایک اور فلم

   

ممبئی، 21 ستمبر (ایجنسیز) دیپیکا پڈوکون نے 18 برس قبل شاہ رخ خان کے ساتھ فرح خان کی ہدایتکاری والی فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔ بالی ووڈ کی سوپر اسٹار جوڑی شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون جلد اپنی چھٹی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ میڈیا کے مطابق شاہ رخ اور دیپیکا نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی فلم ’کنگ‘ کا اعلان کیا ہے۔ یہ خبر سن کر اس جوڑی کے مداحوں میں خوشی کی لہر پیدا ہوئی ہے۔ دیپیکا کی جانب سے یہ اعلان فلم ’کالکی 2898 اے ڈی‘ کے سیکوئل سے نکلنے کے بعد کیا گیا ہے۔ دیپیکا نے انسٹاگرام پر اپنی اور شاہ رخ کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے پیغام لکھا کہ شاہ رخ نے 18 برس پہلے جب اوم شانتی اوم بنی تو مجھے ایک سبق سکھایا تھا۔ اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ انہیں شاہ رخ نے سکھایا کہ فلم کو آپ جن لوگوں کے ساتھ مل کر بناتے ہیں وہ فلم کی کامیابی سے زیادہ اہم ہوتے ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ میں اس بات پر اتفاق کرتی ہوں اور یہی وجہ ہے کہ ہم ایک ساتھ چھٹی فلم بنا رہے ہیں۔ ان کی نئی فلم ’کنگ‘ کب ریلیز ہوگی، اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔