ممبئی۔بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے کچھ عرصہ قبل ہدایت کار راجکمار ہیرانی کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے اور دونوں مل کر ایک سماجی موضوع پر کامیڈی فلم بنائیں گے، جس کا آغاز اس موسم گرما سے ہوگا۔ سنا ہے کہ شاہ رخ خان ہدایت کار راجکمار ہیرانی کی فلم کی شوٹنگ 8 سے 9 ماہ تک کریں گے، جس کے لیے مسلسل تیاریاں کی جارہی ہیں۔ تازہ ترین میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور راجکمار ہیرانی کی آنے والی فلم میں بھی ایک نئے دور کے اسٹار کا داخلہ ہوا ہے۔بالی ووڈ خبری نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ راج کمار ہیرانی نے بھی اپنی اگلی فلم کے لئے وکی کوشل کو سائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ان کی گزشتہ فلم سنجو میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔ایک ذرائع نے پورٹل کو بتایا راجکمار ہیرانی منا بھائی ایم بی بی ایس کے وقت سے ہی سائیڈ رول کے لیے ابھرتے اداکاروں کو سائن کر رہے ہیں۔ وہ شاہ رخ خان کی فلم کے لیے بھی کچھ ایسا ہی کرنے جا رہے ہیں۔ وکی کوشل راجکمار ہیرانی کی اگلی فلم میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔فلم سنجو کے دوران راج کمار ہیرانی اور وکی کوشل کا رشتہ بہت گہرا ہو گیا تھا۔ یہ بھی ایک بڑی وجہ ہے کہ راجکمار ہیرانی نے دوبارہ وکی کوشل سے ہاتھ ملایا ہے۔ ان دنوں راج کمار ہیرانی وکی کوشل کے ساتھ شوٹنگ کی تاریخوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ سب کچھ طے ہونے کے بعد راجکمار ہیرانی اپنے اداکاروں کے نام کا باضابطہ اعلان کریں گے۔شاہ رخ خان اور وکی کوشل کے ساتھ تاپسی پنو بھی راجکمار ہیرانی کی آنے والی فلم میں نظر آئیں گی۔ اداکارہ تاپسی پنو کو کافی عرصہ قبل اس فلم کے لیے منتخب کریا گیا تھا۔ فلم بنانے والے جلد ہی فلم اور اس کی اسٹار کاسٹ کا باضابطہ اعلان کر سکتے ہیں۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ راج کمار ہیرانی شاہ رخ کے ساتھ منا بھائی ایم بی بی ایس بنانے کے خواہاں تھے لیکن وہ فلم کنگ خان کے ساتھ مکمل نہیں ہوسکی جس کے بعد مرکزی کردار میں سنجے دت کو پیش کیا گیا اور سنجے دت نے اپنے منفرد اندازمیں اس کردار کا ناقابل فراموش بنادیا۔