ممبئی ۔ بالی ووڈ انڈسٹری کے بادشاہ اور کنگ خان پٹھان بن کر لوگوں کے سامنے آئے اور چھاگئے ہیں۔ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کا ہر طرف چرچا ہو رہا ہے اور فلم نے صرف تین دنوں میں 300 کروڑ کا ریکارڈ عبور کرلیا ہے ۔ فلم نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان نے پہلے دن دنیا بھر میں 106کروڑ کی کمائی کی جو بالی ووڈ فلم کا ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ ادھر خبریں آرہی ہیں کہ شاہ رخ خان اپنی اگلی فلم جوان کی شوٹنگ شروع کرنے والے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان ایک ماہ کے وقفے کے بعد کام پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ یکم فروری 2023 سے ہدایت کار ایٹلی کمارکی فلم جوان کی شوٹنگ دوبارہ شروع کریں گے۔ شاہ رخ خان اگلے ہفتے چھ دن کے شیڈول کے لیے فلم جوان کے سیٹ پر واپس آئیں گے۔ توقع ہے کہ وہ بڑے ایکشن سین شوٹ کریں گے۔ اس دوران اداکارہ سانیا ملہوترا بھی شوٹنگ میں شامل ہوں گی۔ فلم جوان کا نیا شیڈول31 جنوری سے شروع ہوگا اور ٹیم اس کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ساتھ ہی شاہ رخ خان یکم فروری کو نئے شیڈول میں شامل ہوں گے۔ وجے سیتھوپتی اور پریمانی فروری کے بعد فلم کی شوٹنگ شروع کریں گے۔