شاہ رخ خان ’دی کنگ‘ میں جان وِک طرز کا ایکشن کریں گے؟

   

ممبئی ، یکم ؍ ستمبر (ایجنسیز) بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان فلم ’دی کنگ‘ میں امریکن میڈیا فرنچائز ’جان وِک‘ طرز کا ایکشن کریں گے۔ شاہ رخ نے ہاتھ میں چوٹ لگنے کے بعد فی الحال اپنی فلم ’دی کنگ‘ کی شوٹنگ سے مختصر وقفہ لیاہے۔ مکمل صحت یاب ہونے کے بعدوہ فلم بندی دوبارہ شروع کریں گے۔ دریں اثناء ہدایت کار سدھارتھ آنند اس پراجکٹ کے بارے میں جوش و خروش برقرار رکھنے کیلئے اپنا رول ادا کر رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس نے فوری طور پر مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔اس پوسٹ میں سدھارتھ ایک ہوڈی پہنے ہوئے نظر آئے جس پر ایک بڑا سرخ تاج نمایاں تھا، اور پس منظر میں جان وِک کا میوزک چل رہا تھا۔ یہ چھوٹا سا اشارہ ہی سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کرنے کیلئے کافی ہوگیا، اور بہت سے لوگ یہ قیاس آرائی کر رہے ہیں کہ ’دی کنگ‘ میں جان وِک فرنچائز سے متاثر ایکشن سیکوینس ہو سکتے ہیں۔ اب مداحوں کو امید ہے کہ فلم میں جان وِک طرز کے دھماکو سین ہو سکتے ہیں، جس میں فائٹ سین اور شاندار گن فائٹ کوریوگرافی شامل ہوگی۔ اس اشارے نے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا ہے، اور ناظرین یہ دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں کہ سدھارتھ آنند اور ایس آر کے ’دی کنگ‘ کے ساتھ بالی ووڈ ایکشن میں کس طرح نئی جان ڈالتے ہیں۔کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ ہالی ووڈ سے متاثر ہندوستانی فلمیں باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھاتی ہیں۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’’یہ صرف فلم کا لوگو بھی ہو سکتا ہے، میں نے گوگل لینس سے یہ ہوڈی ڈھونڈنے کی کوشش کی، لیکن مجھے ملی نہیں۔‘‘ ایک صارف نے ردعمل ظاہر کیا، ’’ہالی ووڈ سے متاثر ایکشن فلمیں اب بھارت یا بیرون ملک میں اچھی کارکردگی نہیں دکھاتی ہیں۔ ہم نے اسے ٹائیگر۔3 اوروار۔ 2 سمیت کئی نئی فلموں میں دیکھا ہے۔ لہذا ’دی کنگ‘ کی بہتر کارکردگی غیریقینی سمجھی جارہی ہے اور اس کے فلاپ ہونے کا امکان ہے۔‘‘ فلم’دی کنگ‘ میں شاہ رخ خان اور سوپر اسٹار کی بیٹی سہانا خان مرکزی کرداروں میں ہیں۔اس میں ابھیشیک بچن، ابھے ورما، اور دیپیکا پڈوکون بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔