چنئی، 10 مارچ (آئی اے این ایس) اگر خبروں کو درست مانا جائے تو بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان سوپر اسٹاررجنی کانت کی بے حد متوقع ایکشن فلم جیلر 2 میں ایک پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دے سکتے ہیں۔ذرائع نے بتایا تھا کہ فلم کی شوٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور صرف شاہ رخ خان کے حصے کی شوٹنگ باقی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بالی ووڈ اسٹار مارچ کے دوران اپنے مناظرکی شوٹنگ شروع کریں گے جو تقریباً سات سے آٹھ دنوں میں مکمل کی جائے گی۔ شاہ رخ خان کا کردار فلم میں ایک طویل مہمان کردارکی صورت میں ہوگا۔اب تازہ اطلاعات کے مطابق اداکار فلم میں ایک پولیس افسرکا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ ہدایت کار نیلسن دلیپ کمارکی اس فلم نے شائقین اور فلمی حلقوں میں کئی وجوہات کی بنا پر زبردست جوش و خروش پیدا کر رکھا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ جیلر 2 میں پہلے حصے کی طرح بھرپور ایکشن اور تفریح دیکھنے کو ملے گی۔فلم جیلرکا پہلا حصہ باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوا تھا اور اس نے دنیا بھر میں تقریباً 650 کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا۔ فلم کو ناقدین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا اور اس نے شاندار آغازکیا تھا۔ بیرونِ ملک فلم کے ڈسٹری بیوٹر اینگرن انٹرنیشنل کے مطابق فلم نے پہلے ہی دن تقریباً 33 کروڑ روپے کا کاروبارکیا تھا جو رجنی کانت کے کیریئر کا سب سے بڑا افتتاحی دن ثابت ہوا۔ذرائع کے مطابق جیلر2 کی تیاری بھی پہلے حصے کی طرز پر بھرپور انداز میں جاری ہے۔ گزشتہ سال سوپر اسٹار رجنی کانت نے اپنی 75ویں سالگرہ بھی اسی فلم کے سیٹ پر منائی تھی۔فلم کے دوسرے حصے کی شوٹنگ کا آغاز سب سے پہلے چنئی میں کیا گیا تھا۔ پروڈکشن کمپنی سن پکچرز نے اعلان کیا تھا کہ فلم کی شوٹنگ گزشتہ سال 10 مارچ کو شروع ہوئی۔فلم میں دلچسپی اس وقت مزید بڑھ گئی جب سن پکچرز نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز ٹیزر جاری کیا جو مزاح اور تھرل سے بھرپور تھا۔اس کے کچھ ہی عرصے بعد اداکارہ رامیا کرشنن نے فلم کے دوسرے حصے کی شوٹنگ کے پہلے دن کی یاد شیئر کی۔