ممبئی ۔ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے گزشتہ برس کمائی میں سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بار پھر سے ثابت کردیا ہے کہ ہندوستانی فلم انڈسٹری کے بادشاہ وہی ہیں۔ سال 2023 کے دوران شاہ رخ خان کی یکے بعد دیگرے تین فلمیں ریلیز ہوئیں، یہ فلمیں ناصرف بلاک بسٹر ثابت ہوئیں بلکہ اِنہوں نے کمائی میں بھی دیگر فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ شاہ رخ خان کے لیے 2023 بہترین سال رہا جس میں ناصرف شاہ رخ خان نے ایک بار پھر بالی ووڈ پر راج کرنا شروع کیا بلکہ ایک سال کے دوران 2500 کروڑکما کر سب ہی فنکاروں کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان جنوری میں ریلیز ہوئی تھی، اس کے بعد اْن کی دوسری فلم جوان نے ستمبر میں سب کو متاثرکیا جبکہ سال کے آخر میں ہدایتکار راج کمار ہیرانی کی فلم ڈنکی نے رہی سہی کسر بھی نکال دی۔ فلم ڈنکی تاحال بہترین بزنس کے ساتھ باقی سب ہی فلموں سے آگے ہے۔