ممبئی ۔24 جنوری (ایجنسیز) جس لمحے کا شاہ رخ خان کے مداح انتظارکر رہے تھے وہ بالآخر آ ہی گیا۔ ان کی فلم ’کنگ‘ کی ریلیزکی تاریخ سامنے آگئی ہے۔ ہفتے کے روز شاہ رخ نے خود انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئرکرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی فلم 24 دسمبر2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ شاہ رخ اس سال کے آخر میں باکس آفس پر دھوم مچانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے جو ویڈیو شیئرکی ہے اس میں وہ حیرت انگیز نظر آرہے ہیں۔ اس ویڈیو نے فلم کے لیے مداحوں کا جوش مزید بڑھا دیا ہے۔ ویڈیو میں شاہ رخ خان بھی ڈائیلاگ بولتے نظر آرہے ہیں۔ وہ کہتے ہے،’’ ڈرنہیں، دہشت ہوں۔ ویڈیو شیئرکرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کیپشن میں لکھا، بادشاہ گرجنے کے لیے تیار ہیں۔24 دسمبر2026 کو سینما گھروں میں۔ریلیز کی تاریخ کے اعلان کے اس ٹیزر میں شاہ رخ خان کے طاقتور ایکشن اوتارکو دکھایا گیا ہے۔ شاہ رخ خان نے اس سے قبل گزشتہ سال اپنی60 ویں سالگرہ کے موقع پر’کنگ‘ کا پہلا ٹیزر ویڈیو جاری کیا تھا۔ اس ویڈیو میں بھی وہ بالکل شاندار لگ رہے تھے۔ تب سے ان کے مداح فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔س فلم میں ابھیشیک بچن ویلن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ دیپیکا پڈوکون، رانی مکرجی، جیدیپ اہلاوت، راگھو جوئل، جیکی شراف، ارشد وارثی، انیل کپور اور ابھے ورما نے بھی اداکاری کی۔ شاہ رخ خان کی 2023 کی بلاک بسٹر فلم پٹھان کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند ’کنگ‘ کو ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔ شاہ رخ خان کی آخری ریلیز ڈنکی تھی، جو دسمبر 2023 میں سامنے آئی تھی۔ اس کے بعد سے وہ کسی فلم میں نظر نہیں آئے۔ اس لیے شائقین کے ساتھ ساتھ شاہ رخ خان کو بھی اس فلم سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔فلم کو پیش کرنے کے لئے جس طرح سے تجسس پیدا کیا جارہا ہے وہ ایک اور بلاک بسٹر کی دستک ہے ۔