شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان ڈرگس پارٹی کیس میں گرفتار

,

   

این سی بی کی پوچھ تاچھ، موبائل فون ضبط،پیر تک پولیس تحویل میں

ممبئی: ڈرگ پارٹی کیس میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ این سی بی (انسداد منشیات بیورو) نے آرین سے کروز میں ان کی موجودگی کے حوالہ سے طویل پوچھ تاچھ کی اور ان کا موبائل ضبط کر لیا۔ بعدازاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ آرین کے علاوہ ان کے دوست ارباز مرچینٹ اور من من دھومچا کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ممبئی سے گوا جا رہے کروز شپ میں ہفتہ کی رات این سی بی نے چھاپہ مارا، جہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ ان میں سے 8 لوگوں کو این سی بی نے حراست میں لیکر پوچھ تاچھ شروع کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق 8 میں سے تین افراد کو تاحال گرفتار کر لیا گیا ہے۔ این سی بی نے گرفتار شدگان آرین، ارباز اور من من کے علاوہ نوپر ساریکا، اسمیت سنگھ، موہک جیسوال، وکرانت چھوکر اور گومت چوپڑا سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ پوچھ تاچھ کے دوران آرین نے این سی بی کو بتایا کہ وہ پارٹی میں مہمان کے طور پر پہنچے تھے اور انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے کیلئے کوئی پیسہ نہیں لیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے منتظمین نے ان کے نام کا استعمال کر کے دوسرے لوگوں کو پارٹی میں بلایا تھا۔ معاملہ کی جانچ کیلئے این سی بی نے آرین کا موبائل فون قبضہ میں لے کر اس میں موجود چیاٹنگ اور دوسرے دستاویزات کی جانچ کی۔ٹیم نے وہاں سے ایم ڈی ایم اے، کوکن، ایم ڈی اور چرس برآمد کی ہے۔ این سی بی کے ڈی جی ایس این پردھان نے بیان جاری کر کے کہا کہ ٹیم کے 22 افسران سادے کپڑوں میں کروز پر مسافر بن کر گئے تھے۔ شپ پر 1800 مسافر سوار تھے جہاں ڈرگس پارٹی کررہے تھے۔ جس کروز پر پارٹی چل رہی تھی وہ کارڈیلیا کمپنی کا ہے۔ اس کمپنی کے چیئرمین اور سی ای او جرگن بیلوم نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہیکہ این سی بی کو کچھ مسافروں کے سامان میں ڈرگس ملی ہیں، جنہیں کارڈیلیا سے فوری طور پر اتار دیا گیا تھا۔ اس وجہ سے کروز کے سفر میں بھی تاخیر ہوئی، جس کیلئے وہ مسافروں سے معذرت خواہ ہیں۔بتایا گیاہیکہ آرین کے لینس کیس میں بھی ڈرگس پائے گئے جبکہ دیگر ملزمین کے سینیٹری پیاٹس کے درمیان بھی ڈرگس کو چھپایا گیا تھا۔ بعدازاں ممبئی کی عدالت نے تینوں کو 4 اکٹوبر تک پولیس تحویل میں دیدیا۔