ممبئی۔ 2 نومبر (ایجنسیز) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار شاہ رخ خان 60 سال کے ہوگئے۔ وہ ہمیشہ اپنی سالگرہ پر ’منت ‘ نامی اپنی رہائش گاہ کی بالکنی میں آ کر سڑک پر موجود اپنے مداحوں کو ہاتھ ہلا کر مبارکبادیاں قبول کرتے ہیں۔ اس سال بھی جب ان کی سالگرہ کا دن آیا تو عوام کا ہجوم باندرہ میں واقع بینڈ اسٹانڈ پر جمع ہوگیا اور سمندری کنارے کے بالکل روبرو واقع ان کے خوبصورت بنگلہ کے باہر میڈیا اور عوام اپنے اپنے کیمروں اور سیل فونس کے ساتھ موجود تھے۔ تھوڑی دیر بعد سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر وائرل ہوگئی۔ سڑک پر بھیڑبھاڑ دیکھ کر ان کے کئی مداحوں نے سمندری راستہ سے کشتیوں پر بیٹھ کر وہاں پہنچنے کو ترجیح دی تاکہ اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔ یاد رہیکہ شاہ رخ خان کی رہائش گاہ سے کچھ ہی فاصلہ پر سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس اور فلم اداکارہ ریکھا کا بنگلہ بھی واقع ہے۔