احمد آباد ۔12 اکتوبر (ایجنسیز) بالی ووڈکے سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ وہ واقعی ’کنگ آف ہارٹس‘ دلوں کے بادشاہ ہیں۔ 70ویں ہیونڈائی فلم فیئر ایوارڈز 2025 (گجرات ٹورزم کے ساتھ) کی تقریب میں ان کا دل کو چھو لینے والا انداز سب کے دل جیت گیا۔ شاہ رخ خان جنہوں نے اس ستاروں سے سجی رات کی میزبانی فلم سازکرن جوہر کے ساتھ کی، نہ صرف اپنی ذہانت اور دلکشی سے اسٹیج کو جگمگا دیا بلکہ اپنی باوقار شخصیت سے انٹرنیٹ پر بھی چھا گئے۔فلم فیئر کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ نتانشی گوئل، جنہوں نے کرن راؤ کی مشہور فلم لاپتہ لیڈیز میں شاندار اداکاری کے لیے بہترین نئے اداکارہ ایوارڈ جیتا، اسٹیج پر ایوارڈ وصول کرنے کے لیے قدم رکھتی ہیں۔ جیسے ہی وہ سیڑھیوں پر ذرا سا لڑکھڑاتی ہیں، شاہ رخ خان فوراً ان کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں اور ممکنہ طور پر پیش آنے والی شرمندگی سے انہیں بچا لیتے ہیں۔شاہ رخ خان نے نہ صرف نتانشی کو سنبھالا بلکہ نہایت احترام کے ساتھ ان کا ہاتھ تھام کر انہیں اسٹیج تک پہنچایا، اس بات کا خیال رکھتے ہوئے کہ وہ آرام سے چل سکیں۔ سوپر اسٹار نے مزید ایک خوبصورت حرکت یہ کی کہ انہوں نے نتانشی کے لباس کے گھیر ے کو تھامے انکے پیچھے چلتے رہے تاکہ وہ آسانی سے آگے بڑھ سکیں۔ لوگوں نے شاہ رخ خان کے اس شائستہ اور مہذب انداز پر زور دار تالیاں بجائیں۔سوشل میڈیا پر مداح اس لمحے کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ کسی نے اسے ‘‘کلاسک ایس آرکے بیہیویر’’ کہا تو کسی نے لکھا، ‘‘ایک سچا جینٹل مین کبھی فیشن سے باہر نہیں ہوتا۔’’ شاہ رخ خان کی موجودگی ویسے ہی تقریب کی سب سے بڑی جھلک تھی۔ایک اور ویڈیو میں شاہ رخ خان کو کالے سوٹ میں، جس پر سفید ڈیزائننگ تھی، اسٹیج پر شاندار انداز میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔ جیسے ہی فلم جوان کا ٹائٹل ٹریک بجا، اسٹیج آتشبازی سے روشن ہوگیا۔ یہ لمحہ اس سال شاہ رخ خان کے پہلے نیشنل ایوارڈ کے اعزاز کے طور پر بالکل موزوں لگ رہا تھا۔ انہوں نے اپنے مشہور ’اوپن آرمز‘ پوز میں ناظرین کا استقبال کیا، جس پر فینز خوشی سے جھوم اٹھے۔نتانشی گوئل، جنہوں نے لاپتہ لیڈیزمیں اپنی معصوم مگر طاقتور اداکاری سے سب کے دل جیت لیے، نے اسٹیج پر کرن راؤ اور ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔