شاہ رخ کی ڈانکی ریلیز سے پہلے ہی 155 کروڑ کماچکی

   

ممبئی ۔ سال کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلم پٹھان کے بعد اب سب کو شاہ رخ خان کی آنے والی فلموں کا انتظارہے۔ شاہ رخ دو بڑے بجٹ پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں۔ جس میں سے ان کی پہلی فلم جوان ہے جو7 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اور ان کی دوسری فلم ڈانکی ہے۔ جس میں شاہ رخ اور راجکمار ہیرانی ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔ یہ فلم کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ریلیزکی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ڈانکی ریلیز سے پہلے ہی 155کروڑ روپے کما چکی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ فلم کے او ٹی ٹی حقوق مکیش امبانی کی ریلائنس کی ملکیت جیوسینماکو اتنی بڑی رقم میں فروخت کیے گئے ہیں۔ اگر رپورٹس پر یقین کیا جائے تو صرف ایک زبان میں ریلیزہونے والی فلموں میں یہ اب تک کی سب سے بڑا سودا ہے۔ اس کے پیچھے شاہ رخ خان اور راجکمار ہیرانی کی موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق جب اس طرح کی دو بڑی مشہور شخصیات اکٹھی ہوتی ہیں تو اس کا عالمی سطح پر اثر ہونا لازم ہے۔ اس فلم کے بارے میں یہ بھی قیاس کیا جا رہا ہے کہ ڈانکی باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ دے گی۔ راجکمار ہیرانی پانچ سال بعد ڈانکی کے ساتھ ہدایت کاری میں واپس آرہے ہیں۔ اگرچہ اس سے پہلے وہ سنجے دت کے ساتھ منا بھائی ایم بی بی ایس، لگے رہو منا بھائی، عامر خان کے ساتھ تھری ایڈیٹس اور رنبیر کپور کے ساتھ پی کے اور سنجو جیسی بلاک بسٹر فلمیں دے چکے ہیں۔ راجکمار ہیرانی کی فلمیں ہمیشہ سماجی پیغام دیتی ہیں، یہ بھی مانا جا رہا ہے کہ وہ ڈانکی کے ذریعے کچھ ایسا ہی کرتے نظر آئیں گے۔ وہیں شاہ رخ خان کی اگلی فلم جوان بھی بحث میں ہے۔ جلد ہی میکرز فلم کا ٹریلر ریلیزکریں گے۔ جس کے لیے مداحوں میں پہلے ہی کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ شاہ رخ کے مداحوں کی نظریں پٹھان کے بعد ان کی اگلی بلاک بسٹر پر مرکوز ہیں۔