ریاض: اٹھاسی سالہ شاہ سلمان 2015ء میں سعودی عرب کے بادشاہ بننے کے بعد سے صحت کے مسائل سے دو چار رہے ہیں۔ اس صورتحال میں ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ہی سلطنت کا اصل حکمران تصور کیا جاتا ہے۔ سعودی بادشاہ سلمان پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث علیل ہو گئے ہیں۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے اتوار کی شام ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ 88 سالہ شاہ سلمان کا علاج اینٹی بائیوٹکس سے کیا گیا۔ اس سے قبل بخار اور جوڑوں کے درد کی وجہ سے ان کا جدہ کے بندرگاہی شہر میں السلام محل کے رائل کلینکس میں معائنہ کیا گیا تھا۔شاہ سلمان 79 برس کی عمر میں تخت نشینی کے بعد سے صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ انہیں دل کے عارضے کے سبب پیس میکر بھی لگایا جا چکا ہے۔ایک سرجری کے دوران ان کا پِتہ بھی نکال دیا گیا تھا۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق ا س سے قبل سعودی بادشاہ کو آخری بار اپریل میں معمول کے چیک اپ کے لیے ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔ شاہ سلمان 2015ء میں دنیا میں تیل کے سب سے بڑے برآمد کنندہ ملک کے حکمران بنے تھے۔ اس سے قبل وہ سعودی بادشاہت میں ولی عہد اور نائب وزیر اعظم بھی رہے تھے۔ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان پہلے ہی حالیہ برسوں میں مملکت کے حقیقی حکمران تصور کیے جاتے ہیں اور انہوں نے 2022ء میں اپنے والد کی جگہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔