شاہ سلمان کا باڈی گارڈ ذاتی تنازعہ میں ہلاک

,

   

ریاض /29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ذاتی محافظ کو گولی مارکر ہلاک کیا گیا ۔ مکہ المکرمہ کی پولیس نے اتوار کے روز ایک بیان جاری کیا ہے جس میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ذاتی محافظ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کے قتل کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔مکہ ریجن پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے گذشتہ روز (ہفتہ) شاہی باڈی گارڈ میجر جنرل عبدالعزیز بن بداح الفغم جدہ کی ایک ساحلی کالونی میں اپنے دوست ترکی بن عبدالعزیز السبتی سے ملنے گئے۔ ملاقات کے دوران دونوں کے مشترکہ دوست ممدوح بن مشعل آل علی بھی آ گئے۔ باتوں باتوں میں کسی معاملے پر میجر جنرل عبدالعزیز الفغم اور ممدوح آل علی کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی، جس کے بعدد ممدوح وہاں سے غصے کی حالت میں چلا گیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ اسلحہ لئے واپس آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے میجر جنرل عبدالعزیز الفغم پر گولیاں برسانا شروع کر دیں جس کی زد میں میجر جنرل عبدالعزیز سمیت وہاں موجود دو دوسرے افراد بھی آ گئے۔ زخمیوں میں ترکی بن عبدالعزیز السبتی کا بھائی اور ان کے ہاں کام کرنے والا فلپائنی خادم بھی شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے تو ملزم نے خود کو گھر کے اندر بند کر لیا اور پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔