حیدرآباد۔ پرانے شہر میں آج ایک اور قتل کی واردات پیش آئی۔ شاہ علی بنڈہ کے علاقہ آشا ٹاکیز کے قریب ایک عمارت میں نوجوان کا قتل کردیا گیا۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کی ٹیم شاہ علی بنڈہ پہنچ گئی اور ضابطہ کی کارروائی کے بعد نعش کو ہاسپٹل منتقل کردیا۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر پولیس چارمینار بکشم ریڈی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 22 سالہ سید زبیر علی عرف زبیر کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ زبیر بہادر پورہ علاقہ کا ساکن تھا۔ کل رات زبیر تقریباً 10 بجے اپنے مکان سے نکلا اور آج 12 بجے اس کے قتل کا انکشاف ہوا۔ جائے مقام کا جائزہ لینے کے بعد پولیس نے بتایا کہ زبیر کا اس کے قریبی ساتھیوں نے قتل کیا ہوگا جو کل رات اس کے ساتھ موجود تھے اور ان افراد نے مہ نوشی کی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔
