شاہ محمود قریشی نے جموں و کشمیر کو ہندوستانی ریاست کہا

   

Ferty9 Clinic

جنیوا ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منگل کے روز ایک بیان دیتے ہوئے جموں و کشمیر کو ا یک ہندوستانی ریاست کہا جبکہ کچھ روز قبل ہی انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں کشمیر کے خصوصی موقف آرٹیکل 370 کو منسوخ کئے جانے اور جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے اور اسے مرکز کے تحت علاقہ قرار دینے پر شدید تنقید کی تھی ۔ یہاں یہ بات قابل ذ کر ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کو اب تک ہندوستانی مقبوضہ جموں و کشمیر کہتا آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کو یہ دکھانے کی کوشش کر رہا ہے کہ کشمیر میں حالات معمول پر آگئے ہیں ۔ اگر وہاں عام زندگی بحال ہوئی ہے تو پھر بین الاقوامی میڈیا ، مختلف این جی اوز اور سیول سوسائٹی تنظیموں کو جانے کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی ہے تاکہ وہ خود وہاں پہنچ کر حقائق معلوم کرسکیں اور اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ کیا ہورہا ہے ۔ انسانی حقوق کونسل سے اپنے خطاب کے بعد شاہ محمود قریشی نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔