حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خاں نے شاہ میر پیٹ کے یاقوت پور علاقہ میں قدیم قطب شاہی مسجد کو شہید کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت اور وقف بورڈ اوقافی جائیدادوں کی حفاظت اور غیر مجاز قبضوں کے خلاف سنجیدگی کا دعویٰ کررہے ہیں لیکن دوسری طرف قطب شاہی مسجد کی شہادت اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ مساجد کے تحفظ کے معاملہ میں دونوں سنجیدہ نہیں ہیں۔ مولانا حامد محمد خاں نے جماعت اسلامی کی پانچ رکنی ٹیم کو شاہ میر پیٹ روانہ کرتے ہوئے صورتحال کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان سکریٹری شعبہ ملی امور کی قیادت میں وفد نے شہید کردہ مسجد کا معائنہ کیا۔ مولانا حامد محمد خاں نے حکومت اور وقف بورڈ سے مسجد کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔ر