شاہ نے کوچ ۔ راجبنشی برادری کے مطالبات کو تسلیم کیا

   

گواہاٹی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو کوچ راجبنشی برادری کے لوگوں کے تمام زیر التوا مطالبات کو تسلیم کرلیا۔امیت شاہ نے آسام اور مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر آج آسام کے ضلع چیرانگ کے ستی پور میں کوچ راجبنشی برادری کے رہنما اننت رائے ‘مہاراج’ سے ان کی رہائش گاہ پر آج تقریبا ایک گھنٹہ بات چیت کی۔مسٹر رائے کو آسام اور مغربی بنگال میں لوگوں میں بے حد مقبولیت حاصل ہے اور یہ دعوی کیا جاتا ہے کہ دونوں ریاستوں میں ان کے 18 لاکھ سے زیادہ حامی ہیں۔ مسٹر شاہ گذشتہ رات گوہاٹی پہنچے تھے اور آسام کے وزیر اعلی سروانند سونووال اور دیگر نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا۔رائے نے وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ مسٹر شاہ کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور انہوں نے کوچ راجبنشی برادری کے لوگوں کے تمام زیر التوا مطالبات کو تسلیم کرلیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ کوچ راجبنشی برادری کے لئے اچھے دن آنے والے ہیں۔ ہمارا طویل انتظار جلد ہی ختم ہوجائے گا۔