شاہ چارلس بیمار، شہزادی کیتھرین بھی شریک دواخانہ

   

لندن: برطانیہ کی شہزادی آف ویلز کیتھرین کو پیٹ میں شدید درد کے باعث ہاسپٹل میں داخل کیا گیا جہاں ان کی سرجری ہوئی جبکہ بادشاہ شاہ چارلس سوم کی طبیعت بھی ناساز ہے۔ 42 سالہ شہزادی آف ویلز کیتھرین کی پیٹ کی کامیاب سرجری ہوگئی تاہم وہ مزید 2 ہفتوں تک ہاسپٹل میں ہی رہیں گی جبکہ مکمل صحت یابی اور معمول کے فرائض کی انجام دہی میں ایک مہینہ لگ سکتا ہے۔ شاہی محل سے جاری بیان میں آپریشن کی وضاحت کیے بغیر کہا گیا کہ پیٹ کا آپریشن کامیاب رہا اور اس کا کینسر سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
پرنسس آف ویلز شہزادی کیتھرین سے ہاسپٹل میں ان کے شوہر شہزادہ ولیم نے بھی ملاقات کی۔41 سالہ پرنس آف ویلز شہزادہ ولیم خانگی ہاسپٹل میں اپنی اہلیہ کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں جبکہ 75 سالہ بادشاہ چارلس سوم کو بھی پروسٹیٹ کا آپریشن کرانا ہے جس کیلئے ان کے ہاسپٹل میں ٹیسٹ بھی کرائے گئے۔اس طرح تینوں شاہی شخصیات، شاہ چارلس، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین اس وقت شاہی فرائض کی انجام دہی کیلئے دستیاب نہیں۔یہی وجہ ہے کہ شاہی فرائض کی انجام دہی میں شاہ برطانیہ چارلس سوم کی 71 سالہ اہلیہ کیملا کافی متحرک نظر آرہی ہیں۔