راجکوٹ ۔ /2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راجکوٹ کے بی جے پی رکن اسمبلی اروند رلیانی کا ایک ویڈیو ان دنوں سوشیل میڈیا پر وائرل ہے جس میں ان کو سرکاری زیرانتظام کمیونٹی کچن کے معائنے کے دوران وہاں تھوکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ عوامی مقامات پر اگر عام لوگ تھوک دیں یا کسی طرح گندگی پھیلائیں تو انہیں بہت ڈانٹ ڈپٹ کی جاتی ہے اور جرمانے بھی عائد کئے جاتے ہیں ۔ اروند نے کچن میں تھوکتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔اس کچن میں لاک ڈاون کے درمیان راجکوٹ کے ضرورتمندوں کو دی جانے والی غذا تیار کی جاتی ہے ۔ جمعہ کو اروند کو اپنی حرکت پر ضرور تاسف ہوا ہوگا کیونکہ خود ان کے حلقہ میں اس تعلق سے چہ میگوئیاں ہونے لگی تھیں ۔ چنانچہ اروند نے راجکوٹ میونسپل کارپوریشن کو 500 روپئے کا جرمانہ ادا کیا اور اس کا امیج سوشیل میڈیا پر پوسٹ کیا ۔ عوامی مقام پر تھوکنے کی صورت میں 500 روپئے کا جرمانہ عائد ہوتا ہے ۔ اروند پہلی مرتبہ تنازعہ کا شکار نہیں ہوئے بلکہ گزشتہ سال جون میں انہوں نے ایک مقامی لیگ کرکٹ میچ کے دوران کامنٹیٹر کو گالی گلوج میں کی تھی ۔ تھوکنے کے واقعہ پر ردعمل میں راجکوٹ کا نگریس کے آفس سکریٹری ویرال بھٹ نے کہا کہ عام لوگوں کو پولیس جرمانہ عائد کرتی ہے جبکہ بی جے پی کے غنڈوں کو یا نام نہاد منتخب نمائندوں کو یونہی چھوڑدیا جاتا ہے ۔ اس ویڈیو سے یہ بھی انکشاف ہوتا ہے کہ کس طرح بی جے پی کے لوگوں کو لاک ڈاؤن کے دوران پان شاپس بند ہونے کے باوجود تمباکو حاصل ہورہا ہے۔ اروند نے عوامی نمائندہ ہونے کے باوجودماسک لگاکر غیرذمہ دارانہ حرکت کی ہے ۔
