بول کے لب آزاد ہیں تیرے
گری راج سنگھ کو اداکارہ کا جواب
حکومت پر تنقید کرنے والے ’’قوم دشمن ‘‘
ممبئی ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’تکڑے تکڑے گیانگ‘‘ کی نئی لیڈر ہیں اور ایوارڈ واپسی گیانگ سے تعلق رکھتی ہیں۔ سماجی اور قومی مسائل پر شبانہ اعظمی کے خیالات کے متعلق شرانگیز بیانات دینے کیلئے مشہور گری راج سنگھ نے شبانہ اعظمی کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ ’’اگر ہم حکومت پر تنقید کریں تو ہم پر ’قوم دشمن‘ ہونے کا لیبل لگا دیا جاتا ہے‘‘۔ بی جے پی لیڈر ہندی زبان میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’شبانہ اعظمی تکڑے تکڑے گیانگ اور ایوارڈ واپسی گیانگ کی نئی لیڈر ہیں‘‘۔ اسی لہجہ میں ایک ٹوئٹر استعمال کنندہ نے بالی ووڈ اداکارہ کی ٹی وی مباحث والی ایک پرانی ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں شاہی امام سید احمد بخاری کو شبانہ اعظمی کے خلاف توہین آمیز ریمارک کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ شاہی امام نے کہا تھا کہ ’’میں کسی رقاصہ، گانے والی یا فاحشہ کے سوالات کا جواب دینا نہیں چاہتا‘‘۔ اس ٹوئٹر استعمال کنندہ پر جوابی تنقید کرتے ہوئے شبانہ اعظمی نے ٹوئٹ کیا کہ یاد رہے کہ صفدر ہاشمی قتل کیس میں کانگریس کے ایچ کے ایل بھگت پر برسر عام تنقید کی تھی۔ ٹی وی مباحث میں بھی امام بخاری کو چیلنج کیا تھا جس پر انہوں نے مجھے ناچنے والی کہا۔ ان کے اس جملے پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں احتجاج کیا گیا تھا اور اس کی مذمت کی گئی تھی۔ شبانہ اعظمی نے ان پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے فیض احمد فیض کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
’’بول کے لب آزاد ہیں ترے
بول زباں اب تک تری ہے
بول کے سچ زندہ ہے اب تک
بول جو کچھ کہنا ہے کہہ لے‘‘
شبانہ اعظمی کیخلاف گری راج سنگھ کا یہ متنازعہ بیان 6 جولائی کو اندور میں مرکزی حکومت کے خلاف اداکارہ کے ریمارک کے بعد سامنے آیا ہے۔ اندور میں شبانہ اعظمی نے کہا تھا کہ حکومت پر تنقید کرنے والے قوم دشمن قرار دیئے جاتے ہیں۔