شبمن گل چوتھے مقام پر، محمد سراج ٹاپ 10 میں برقرار

   

دبئی: ہندوستانی اوپنگ بیٹسمین شبمن گل چہارشنبہ کے روز جاری کردہ تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں کریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ گل کے علاوہ وراٹ کوہلی اور روہت شرما بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ کوہلی کو بھی ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے اور کوہلی ساتویں مقام پر پہنچ گئے، جب کہ روہت بلے بازوں کی فہرست میں آٹھویں مقام پر برقرار ہیں۔ وہیں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔فاسٹ بولر محمد سراج ٹاپ 10 میں برقرار ہیں، وہ اس فہرست میں شامل ہونے والے واحد بھارتی بولر ہیں۔ وہ آسٹریلیا کے تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ سے پیچھے تیسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم بلے بازی کی فہرست میں 13 درجے بہتری کے ساتھ 41 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں 16 درجے بہتری کے ساتھ 32 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے دو میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ نے نیدرلینڈز کو 2-0 سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ کے ہنری نکولس دو درجے بہتری کے ساتھ بیاٹنگ کی فہرست میں 69ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں سوریہ کمار یادیو نے بھی بیاٹنگ کی فہرست میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جب کہ ہاردک پانڈیا نے آل راؤنڈر کی فہرست میں اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ بنگلہ دیش کے لٹن داس ایک مقام کی بہتری کے ساتھ 21 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ہے۔ باؤلنگ کی فہرست میں مہیش ٹکشنا تین پوائنٹس کی بہتری کے ساتھ 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ بنگلہ دیش کے تسکین احمد تین پوائنٹس کی بہتری کے ساتھ 36 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔