شبمن گل T20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں، اکشر پٹیل وائس کیپٹن

   

Ferty9 Clinic

سوریہ کمار 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان برقرار، رنکو سنگھ اور ایشان کشن کی واپسی، یہی ٹیم جنوری میں نیوزی لینڈ سیریز کھیلے گی

ممبئی، 20 ڈسمبر (یو این آئی) انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئندہ T20 ورلڈ کپ 2026 کیلئے سوریہ کمار یادو کی قیادت میں 15 رکنی انڈین ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔ آج یہاں کپتان سوریہ کمار کے ساتھ بی سی سی آئی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ کے بعد 7 فبروری سے ہندوستان اور سری لنکا میں کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ سلیکٹرز نے ایک بڑا اور جرأت مندانہ فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ نائب کپتان شبمن گل کو 15 رکنی ٹیم میں جگہ نہیں دی ہے کیونکہ وہ لگاتار خراب مظاہرہ کررہے ہیں۔ لجنڈری کرکٹر سنیل گواسکر نے گل کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں عدم شمولیت پر حیرت ظاہر کی۔ تاہم، گواسکر نے اعتراف کیا کہ گل کا موجودہ پرفارمنس ناقص ہے اور شاید انھیں نظر لگ گئی ہے۔ سلیکٹرز نے گل کی جگہ اکشر پٹیل کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ سید مشتاق علی ٹرافی 2025 میں چمپئن جھارکھنڈ کیلئے شاندار کارکردگی دکھانے والے ایشان کشن کے ساتھ رنکو سنگھ کو بھی ہندوستانی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ آج معلنہ اسکواڈ ہی جنوری میں وطن میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچ کی T20 سیریز کھیلے گا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے منتخب ٹیم انڈیا یوں ہے: سوریہ کمار یادو (کپتان)، ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے ، اکشر پٹیل (نائب کپتان)، رنکو سنگھ، جسپریت بمرا، ہرشیت رانا، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، ورون چکرورتی، واشنگٹن سندر اور ایشان کشن (وکٹ کیپر)۔