شب برات گناہوں سے توبہ کی رات

   

مولانا ڈاکٹر ابو زاہد شاہ سید وحید اللہ حسینی القادری الملتانی کا بیان
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( راست ) : مولانا ڈاکٹر ابو زاہد شاہ سید وحید اللہ حسینی القادری الملتانی جنرل سکریٹری مرکزی مجلس فیضان ملتانیہ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ دین اسلام میں بعض اماکن و واقعات ایسے ہیں جن میں عبادت کرنے سے ان کے اجر و ثواب میں بے انتہا اضافہ ہوجاتا ہے اور عبادت کی قبولیت کے امکانات بھی کافی قوی و روشن ہوجاتے ہیں منجملہ ان کے ایک شب برات ہے ۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ ہم اللہ تعالی کی خاص عنایات و لطف و مہربانی حاصل ہونے والے ان مبارک لمحات سے کماحقہ استفادہ کرتے ہوئے رحمت کردار گار سے وافر حصہ پانے کی کوشش اور اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرنے کی سعی کرتے لیکن دیکھنے میں یہ آرہا ہے کہ ہم ایسے مبارک ساعتوں میں بھی گناہوں کے کاموں میں ایک دوسرے پر سبقت لے جارہے ہیں جو مسلم معاشرے کا بہت بڑا المیہ ہے ۔ بالخصوص شب برات اور بالعموم شعبان المعظم میں مسلمان دیگر ایام و شہور کے مقابلہ زیادہ اور کثرت سے عبادت کریں تاکہ آنے والے عظیم الشان مہینے یعنی رمضان المبارک میں عبادت کرنا ہمارے لیے آسان ہوجائے اور ہم رمضان المبارک کی فضیلتوں ، برکتوں ، سعادتوں اور رحمتوں سے کما حق مستفیض و مستفید ہوسکیں ۔ لیکن عموماً دیکھنے میں یہ آرہا ہے کہ مسلم نوجوان متبرک راتوں بالخصوص شب برات کو توبہ و استغفار ، عبادت و ریاضت ، اذکار و اوراد ، تلاوت و تفہیم قرآن میں گزارنے اور اللہ اور اس کے رسولؐ کو راضی کرنے کیلئے دعائیں کرنے کے بجائے وقت فضولیات میں ضائع کرتے ہیں ۔ یہ مہینہ عبادت و اذکار کا ہے اس پر عمل کریں ۔۔