25 اور 26 اپریل کو دورہ، ورنگل میں مسلمانوں کے ساتھ افطار میں شرکت
حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائد راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ کے پروگرام میں شب قدر کے پیش نظر تبدیلی کی گئی ہے۔ راہول گاندھی 28 اور 29 اپریل کو تلنگانہ کا دورہ کرنے والے تھے لیکن سابق وزیر اور پولٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر نے راہول گاندھی کو اطلاع دی کہ 28 اپریل کو شب قدرہے اور اس مقدس رات کو مسلمان عبادتوں میں مصروف رہتے ہیں لہذا جلسہ عام میں شرکت ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے شب قدر کے بجائے کسی اور دن جلسہ عام کی تاریخ طئے کرنے کی خواہش کی۔ راہول گاندھی نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے 25 اور 26 اپریل کی تاریخ طئے کی ہے۔ 25 اپریل کو ورنگل میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور جلسہ عام کے اسٹیج کے قریب مسلم قائدین اور کارکنوں کیلئے خصوصی شامیانے میں افطار اور نماز مغرب کا اہتمام کیا جائے گا۔ راہول گاندھی خود بھی افطار میں مسلمانوں کے ساتھ شریک ہوں گے۔ افطار اور نماز کے بعد جلسہ کی کارروائی جاری رہے گی۔ تقریباً دو تا تین ہزار افراد کیلئے افطار کے انتظامات خصوصی شامیانے میں کئے جائیں گے۔ دوسرے دن 26 اپریل کو بوئن پلی میں راہول گاندھی نوجوانوں کو مختلف کورسیس میں ٹریننگ سے متعلق ادارہ راجیو گاندھی سائینس اینڈ ٹکنالوجی ٹریننگ سنٹر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ تقریب کے بعد وہ کسانوں، خواتین، نوجوانوں، اقلیتوں اور دیگر طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ شام تک وہ سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل جاننے کی کوشش کریں گے۔ راہول گاندھی اسی دن شام میں نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔ر