شب معراج کے موقع پر کمشنر پولیس کا دورہ چارمینار، انتظامات کا معائنہ

   

حیدرآباد ۔ /3 اپریل (سیاست نیوز) شب معراج کے موقع پر پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پرانے شہر کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ تاریخی چارمینار سے پولیس کمشنر نے اپنے دورہ کا آغاز کیا اور پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں پیدل دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد گنگاجمنی تہذیب کیلئے مشہور ہے اور آنے والے ماہ رمضان کیلئے پولیس کی تیاریا ںکی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ پارلیمانی انتخابات میں عوام زیادہ سے زیادہ اپنی رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے ووٹنگ کی شرح میں اضافہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018 ء ڈسمبر میں منعقدہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بھی پولیس نے سکیورٹی کے بہتر انتظامات کئے تھے ۔ جس کے نتیجہ میں پرامن انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ انجنی کمار نے نوجوان رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔ کمشنر پولیس کے اس دورہ میں ایڈیشنل کمشنر کرائمس شیکھا گوئل ، جوائنٹ کمشنر پولیس اسپیشل برانچ ڈاکٹر ترون جوشی ، ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ اویناش موہنتی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ شب معراج کے موقع پر دونوں شہروں کے فلائی اوورس آج رات 10 بجے سے بند کردیئے گئے تھے۔