شتروگھن سنہا کا کانگریس ٹکٹ پر مقابلہ

,

   

بی جے پی سے استعفیٰ کے بعد پٹنہ صاحب حلقہ کے امیدوار متوقع
نئی دہلی ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے باغی لیڈر شتروگھن سنہا آنے والے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس ٹکٹ پر پٹنہ صاحب حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ بہار میں کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے آج کہا کہ یہ بات تقریباً قطعی ہوچکی ہیکہ اداکار سے سیاستداں بننے والے شتروگھن سنہا کو ہماری ٹکٹ پر پٹنہ صاحب حلقہ سے امیدوار بنایا جائے گا۔ آئندہ چند دنوں میں بی جے پی سے ان کے استعفیٰ کے بعد انہیں کانگریس میں شامل کرتے ہوئے ٹکٹ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا جو وزیراعظم نریندر مودی کے نقاد ہیں، کو بی جے پی کے امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس لئے وہ مجبوراً دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ کئی موقعوں پر شتروگھن سنہا نے براہ راست بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میرے مستقبل کے لائحہ عمل کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا اور یہ بھی پتہ چلے گا کہ میں کس نشان پر مقابلہ کروں گا۔ ماضی میں شتروگھن سنہا نے یہ واضح کردیا تھاکہ وہ کسی بھی صورت میں اپنے حلقہ سے ہی مقابلہ کریں گے۔ تاہم حال ہی میں انہیں بی جے پی نے نظرانداز کردیا اور ان کی سیٹ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کو دے دی۔ پٹنہ میں شتروگھن سنہا ایک مقبول لیڈر ہے۔ وہ یہاں سے دو مرتبہ (2009 اور 2014ء) سے منتخب ہوئے ہیں۔ بی جے پی کی شدید مخالفت کرتے ہوئے شتروگھن سنہا نے جنوری 2019ء میں کولکتہ میں ممتابنرجی کی جانب سے منعقدہ اپوزیشن کی میگا ریالی میں شرکت کی تھی۔