دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب کیلئے کلکٹرس کو مشورہ
حیدرآباد۔29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے دلت بندھو ، ہریتا ہرم اور کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت نے جاریہ سال ہریتا ہرم پروگرام کے تحت 19.5 کروڑ شجرکاری کا نشانہ مقرر کیا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں گرینری اور جنگلاتی علاقہ میں 6.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایسے اضلاع جہاں گرینری 10 فیصد سے کم ہے ، وہاں کیلئے خصوصی ایکشن پلان تیار کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ریاست میں 19400 دیہی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ ضلع کلکٹرس سے کہاگیا کہ وہ ہر گاؤں میں اس طرح کی ٹیمیں تشکیل دیں تاکہ ہریتا ہرم پروگرام پر مؤثر انداز میں عمل کیا جاسکے۔ چیف سکریٹری نے آبپاشی ، تالابوں، دریاؤں اور جھیلوں کے اطراف شجرکاری مہم پر توجہ دینے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شہری علاقوں میں خالی اراضیات پر شجرکاری کے معاملہ میں سنجیدہ ہیں۔ دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہرایت دی کہ ہر اسمبلی حلقہ اور منڈل میں یونٹس تشکیل دیں تاکہ حقیقی و مستحق دلت خاندانوں کا انتخاب کیا جاسکے ۔ دھان کی خریدی کے سلسلہ میں چیف سکریٹری نے بتایا کہ 7 کروڑ خالی تھیلے دستیاب ہے۔ 4.5 کروڑ خالی تھیلے عنقریب ریاست میں پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ رعیتو ویدیکا کے عنوان سے کسانوں کے اجلاس منعقد کئے جائیں جس میں کسانوں کو متبادل فصلوں کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری شانتی کماری ، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ آر ایم دوبریال ، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ ، اسپیشل چیف سکریٹری زراعت رجت کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر