بچوں کی طرح پودوں کی آبیاری پر زور، نرمل میں ایک تقریب سے ضلع ایس پی کا خطاب
نرمل۔/11جولائی، ( جلیل ازہر ) بارش کی کمی کا سبب ہی درختوں کی کمی ہورہی ہے جس کی وجہ سے کئی ایک بیماریوں کا سامنا عوام کو کرنا پڑ رہا ہے ۔ صحت مند سماج کے لئے ضروری ہے کہ ہر ذمہ دار شہری شجرکاری میں آگے آئے۔ ان خیالات کا اظہار آج موضع کونڈا پور میں ضلع ایس پی سی ششی دھر راجو نے ایک اسکول میں شجر کاری کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر علاقہ میں درختوں کی کمی کی وجہ کئی ایک مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ درختوں کی تازہ آب و ہوا ہر انسان کی زندگی میں بہت ضروری ہے۔ درخت وقت کی اہم ضرورت ہیں ، ہر شخص کو چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کی پرورش کی طرح شجرکاری کرتے ہوئے ان پودوں کی بھی نگہداشت کرے ، آگے چل کر آنے والی نسلیں بھی ان درختوں سے فائدہ اٹھائیں گی۔ حکومت ساری ریاست میں کروڑہا روپیوں کے خرچ سے ساری ریاست کو سرسبزو شاداب بناتے ہوئے عوام کو صحت بخش ماحول اور آلودگی سے پاک و صاف رکھنے کیلئے شجرکاری کررہی ہے۔ عوام کی ذمہ داری ہے کہ ان پودوں کی آبیاری پر خصوصی توجہ دیں ۔ ضلع ایس پی نے کہا کہ محکمہ پولیس عوام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت مند معاشرہ کی طرف راغب کرنے کیلئے متحرک ہوتا ہے ، شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی اپنے اپنے گھروں میں پودے لگائیں اور اس کی نگہداشت بھی کریں۔
