شدید احتجاج کا اندیشہ ، برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ کیریبئن منسوخ

   

لندن : برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے احتجاج کے باعث وسطی امریکہ کے ملک بیلیز کا دورہ منسوخ کردیا۔شاہی محل ’کینسنگٹن پیلس‘ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے نے دورہ کیریبیئن منسوخ کردیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شاہی جوڑے کا ارادہ کیریبیئن ممالک کے دورے کا تھا جس کا آغاز بیلیز سے ہونا تھا۔اس دورے سے قبل مقامی لوگوں کی جانب سے احتجاج کے باعث صورتحال کشیدہ ہونے کا خدشہ تھا جس کے باعث شاہی جوڑے نے دورے کا ارادہ ملتوی کردیا۔محل سے جاری اعلامیہ میں تصدیق کی گئی کہ انڈین کرِیک کے لوگوں سے متعلق حساس مسائل کے باعث دورے کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔رپوٹس کے مطابق بیلیز کے قدیم مقامی باشندے طویل عرصے سے اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور شاہی جوڑے کے دورہ کے موقع پر شدید احتجاج کا امکان تھا۔مقامی مایا قبیلے نے تصدیق کی ہے کہ اس دورے سے متعلق ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ انڈین کریک ویلج کے سربراہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے شاہی جوڑا ہماری سرزمین پر قدم رکھے، ہمارا انہیں واضح پیغام ہے کہ وہ کہیںبھی جاسکتے ہیں لیکن انہیں ہماری زمین پر قدم رکھنے کی انہیں اجازت نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق شاہی جوڑے کا ارادہ تھا کہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر بیلیز، جمیکا اور بہاماس کا دورہ کریں۔