موسی پیٹ تالاب میں بھی پانی کا بہاؤ تیز ۔ کمشنر بلدیہ نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) ریاست بھر میںاور دونوں شہروں میں شدید بارش کی وجہ سے ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ شہر کے ذخائر آب عثمان ساگر اور قلب شہر میں واقع حسین ساگر ( ٹینک بنڈ ) کی سطح آب بھی بڑھی ہے ۔ عثمان ساگر ( گنڈی پیٹ ) میں جملہ سطح آب 1790 فیٹ ہے جبکہ فی الحال سطح آب 1784.20 فیٹ تک پہونچ گئی ہے ۔ اسی طرح شہر کے حسین ساگر ( ٹینک بنڈ ) کی سطح آب بھی مکمل ہونے کے قریب پہونچ چکی ہے ۔ حسین ساگر کی جملہ گنجائش 514.75 فیٹ ہے جبکہ موجودہ سطح آب 513.45 فیٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس دوران شہر میں شدید بارش کے پیش نظر کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس اور ڈائرکٹر انفورسمنٹ ویجلینس و ڈیزاسٹر مینجمنٹ این پرکاش ریڈی نے پانی سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ موسیٰ پیٹ آئی ڈی پی ایل تالاب کی سطح میں مسلسل اضافہ کے پیش نظر کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس نے اپنے ماتحت کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا اور حکام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈائرکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ پرکاش ریڈی نے ڈی آر ایف ٹیموں کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں 20 جولائی کو مسلسل بارش کے پیش نظر 14 درخت گرنے کی شکایات ملی ہیں جبکہ 14 مقامات پر بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات ملنے پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ عملے نے فوری پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے۔ب