شدید بارش و سردی کے بعد شدت کا گرما متوقع

   


کرہ ارض پر موسم کی تبدیلی کے اثرات ، محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔ موسم باراں کے دوران شدید بارش اور موسم سرما کے دوران کپکپا دینے والی سردی کے بعد موسم گرما میں بھی شدت ریکارڈ کی جائے گی۔ شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں آئندہ موسم گرما شدید ہوگا اور موسم گرما کی ابتداء کے ساتھ ہی موسم خشک ہوتا چلا جائے گا۔ شہر میں موسم باراں کے دوران ریکارڈ کی گئی بارش اور موسم سرما کے دوران ریکارڈ کئے جانے والی سردی کو دیکھتے ہوئے میں موسم گرما کے بھی شدید ہونے کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میںموسم گرما کے دوران درجۂ حرارت میں اضافہ کی صورت میں شدید گرمی ریکارڈ کی جائے گی۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں اور ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ تبدیلی موسم کے اثرات کے سبب موسمی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور ہر سال موسمی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ سے اس بات کا اندازہ ہونے لگا ہے کہ کرۂ ارض پر موسم کی تبدیلی کے اثرات تیزی سے مرتب ہونے لگے ہیں۔ سال گذشتہ تلنگانہ میں ماہ مئی کے دوران درجۂ حرار ت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ موسم گرما کے ابتدائی ایام میں ہی درجۂ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ریاست میں گذشتہ موسم گرما کے دوران اعظم ترین درجہ حرارت جگتیال اور کھمم میں ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ حیدرآباد میں درجۂ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کیا تھا جبکہ نلگنڈہ‘ نرمل ‘ محبوب نگر ‘ کاماریڈی‘ جئے شنکر بھوپل پلی کے علاوہ دیگر اضلاع میں کئی مقامات پر درجۂ حرارت 47 سے تجاوز کرچکا تھا ۔ ریاست میں موسم گرما کے دوران خشکی اور گرمی کے متعلق عہدیدارو ںکا کہناہے کہ درجۂ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ موسم گرما کے دوران ائیر کنڈیشن کے استعمال میں ہونے اضافہ کے سبب گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جاتی ہے ۔ریاست کے اضلاع میں اور جن مقامات پرجنگلاتی علاقہ کم ہے ان مقامات پر گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ موسم گرما کی ابتداء سے ہی شہر میں گرمی میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کی صورت میں موسم گرما کے انتہاء پر پہنچنے تک گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے اور 2021 کے دوران ماہ مئی میں سب سے زیادہ گرمی ریکارڈکئے جانے کا امکان ہے۔