شدید پیاس … پانی کی جگہ ایسیڈ کی بوتل

   

حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) تلگو ریاستوں میں ان دنوں موسم گرما عروج پر ہے اور دن کے اوقات میں عوام کو سن اسٹروک سے بچنے کیلئے حکومت گھروں تک محدود رہنے کی صلاح دے رہی ہے۔ گرما کی شدت میں پیاس بجھانے کیلئے ایک طالب علم کی کوشش اس وقت مضرت رساں ثابت ہوئی جب دکاندار نے پانی کی بوتل کی جگہ ایسیڈ کی بوتل تھمادی۔ پیاس بجھانے کیلئے عجلت میں طالب علم نے ایسیڈ پی لیا اور طبعیت خراب ہونے پر اسے مقامی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ یہ واقعہ آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ میں پیش آیا جہاں ڈگری کے ایک طالب علم کے ساتھ دکاندار کی لاپرواہی اس کی جان پر بن آئی۔ چیتنیہ کو دوپہر میں کالج سے واپسی کے وقت پیاس محسوس ہوئی اور اس نے وہاں موجود ایک دکان پہنچ کر پانی کی بوتل طلب کی۔ دکاندار نے غلطی سے اسے ایسیڈ کی بوتل تھمادی۔ چیتنیہ نے ایسیڈ کو پانی سمجھ کر عجلت میں پی لیا اور اس کی طبعیت بگڑ گئی۔ فوری مقامی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں حالت خطرہ سے باہر بتائی جاتی ہے۔ کالج کے انتظامیہ اور طلبہ نے دکاندار کے خلاف لاپرواہی کے سلسلہ میں مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ر