شرابی باپ نے کمسن بچوں کو زہر دے دیا، ایک کی موت

   

حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میڑچل میں ایک دلسوز واقعہ پیش آیا جہاں حالت نشہ میں دھت ایک شخص نے اس کے دونوں بچوں کو زہریلی شئے پلادیا۔ اس واقعہ میں اس عادی شرابی کا ایک کمسن بچہ فوت ہوگیا۔ جبکہ شرابی اور اس کا بڑا لڑکا زیر علاج ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ میڑچل کے مضافات میں واقع راجہ بلارم تانڈہ میں یہ دردناک داستان پیش آئی۔ سریش نامی شخص جو کل رات نشہ کی حالت میں دھت تھا اس کے مکان میں بیٹھا ہوا تھا اور اس کے قریب اس کے دو بچے 7سالہ پرنئے اور 5 سالہ پروین آئے تو اس شرابی نے نشہ کی حالت میں اپنے دونوں بچوں کو گولفارم کی دوا پلادی اور اس دوران تینوں کی صحت بگڑ گئی جنہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران 5 سالہ پروین فوت ہوگیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔