شراب ، پان شاپس گرین زونس میں کھولنے کی اجازت ، لاک ڈاؤن میں /17 مئی تک توسیع

,

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی ۔ یکم / مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اب /17 مئی تک لاک ڈاؤن کے تحت رہے گا جس میں ایرٹراویل ، ٹرین سرویس اور بعض دیگر سرگرمیوں پر مکمل امتناع عائد رہے گا ، حکومت نے جمعہ کو یہ اعلان کیا لیکن مختلف بزنس سرگرمیوں اور عوام کی نقل و حرکت کیلئے ایسے علاقوں میں بعض نرمیاں دی ہیں جہاں محدود یا کوئی بھی کووڈ۔19 کیس پایا نہیں گیا ہے ۔ /3 مئی کے بعد مزید دو ہفتوں کیلئے لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ مہلک وائرس کے ٹسٹ میں روز بہ روز عوام کی بڑھتی تعداد مثبت پائے جانے کے تناظر میں کیا گیا ہے ۔ میٹرو سٹیز میں انفیکشن زیادہ پھیلا ہوا ہے جبکہ ملک گیر سطح پر متاثرین کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔ اموات 1100 ہوچکی ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ابتداء میں 21 روزہ ملک گیر لاک ڈاؤن /25 مارچ سے شروع کیا تھا جس میں دو ہفتہ کی توسیع کی گئی تھی ۔ وزارت امور داخلہ نے کہا کہ شراب کے اسٹورس اور پان کی دوکانات کو گرین زونس میں کھولنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ وہاں ایک دوسرے کے درمیان 6 فٹ کے فاصلہ کو یقینی بنانا پڑے گا اور یہ بھی خیال رکھنا ہوگا کہ شاپ پر ایک وقت میں 5 افراد سے زیادہ جمع نہ ہوں ۔ یہ بڑی چھوٹ ہے کیونکہ شراب سے آبکاری کے محکمہ کو بڑا مالیہ فراہم ہوتا ہے اور مسلسل ڈھلتی معیشت کو ایک مضر چیز سے ہی صحیح کچھ جہت مل سکتی ہے۔ تمام بڑے اربن سنٹرس بشمول دہلی اور ممبئی کی شناخت ریڈ زونس کے طورپر کی گئی ہے جنہیں ایسے علاقے کہا جاسکتا ہے جہاں بڑی تعداد میں کورونا وائرس کے مثبت کیس موجود ہیں ۔ اس لئے وہاں کوئی نرمی دینے کا سوال پیدا نہیں ہوتا ہے ۔ اسپیشل ٹرینیں آج دوبارہ چلنے لگی جواتفاق سے لیبر ڈے رہا ۔ یہ ٹرینیں مختلف ریاستوں میں پھنسے دیگر ریاستوں کے ورکرس کو ان کے آبائی مقامات تک پہونچانے کیلئے چلائی جارہی ہیں ۔ دنیا کے کئی ممالک بشمول اٹلی ، سوئزرلینڈ ، نیوزی لینڈ اور امریکہ کی مختلف ریاستوں نے اپنے متعلقہ لاک ڈاؤن میں نرمی شروع کردی ہے لیکن ہندوستان نے اپنے لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلہ پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج کی میٹنگ کی صدارت وزیراعظم نریندر مودی نے کی جبکہ وزیر داخلہ امیت شاہ ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور دیگر کابینی وزراء بھی شریک ہوئے ۔

تمام 3 زونس میں ہنوزملک گیر پابندی والی سرگرمیاں

l فضائی سفر نہیں l ٹرین نہیں چلے گی سوائے اسپیشل ٹرین جو مائیگرینٹس کو ان کی ریاستوں کو پہونچائے گی
l میٹرو سرویس بدستور بند l سڑک کے راستے بین ریاستی نقل و حرکت نہیں
l اسکولس ، کالجس اور دیگر تعلیمی ادارے ہنوز بند رہیں گے l ہوٹلس اور رسٹورنٹس بھی بند
l بڑی تعداد میں عوامی اجتماعات جیسے سنیما ہال ، مالس ، جمنازیم ، اسپورٹس ایوینٹس پر پابندی برقرار
l عوام کی نقل و حرکت تمام غیرضروری سرگرمیوں کیلئے شام 7 بجے تا صبح 7 بجے کے درمیان ممنوع رہے گی
l تمام زونس میں 65 سال سے زائد عمر کے اشخاص ، حاملہ خواتین ، 10 سال سے کم عمر بچے بدستور گھر میں رہیں گے، صرف ضروری اشیاء کا حصول اور صحت سے متعلق مقاصد کیلئے گھر سے نکلنے کی اجازت رہے گی۔
l تمام مذہبی مقامات ، عبادت گاہیں عوام کیلئے بند رہیں گی ۔ مذہبی اجتماعات پر سخت پابندی
l کوئی بھی سوشیل / سیاسی / اسپورٹس / انٹرٹینمنٹ / کلچرل / مذہبی تقاریب و دیگر اجتماعات کی اجازت نہ ہوگی