کالیشورم پراجکٹ کو قرض دینے سے قبل جانچ کیوں نہیں کی گئی
حیدرآباد۔2۔جنوری(سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر و رکن قانون ساز کونسل مسز کے کویتا کو شراب اسکام معاملہ میں تحفظ فراہم کر رہی ہے اور ان کے خلاف کاروائی سے گریز کیا جا رہاہے۔ریاستی وزیر سیول سپلائز و آبپاشی کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی تبدیلی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کو کالیشورم پراجکٹ میں ہونے والی دھاندلیوں اور بدعنوانیوں کا خیال آرہا ہے جبکہ 10سال سے کے سی آر اور بی آرایس کو بی جے پی نے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ معاملہ پر سوال اٹھانے والے مرکزی وزیر سیاحت سے کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کو قرض دینے سے قبل مرکزی حکومت نے اس کی جانچ کیوں نہیں کی۔ انہو ںنے بتایا کہ مرکزی حکومت نے کالیشورم پراجکٹ میں 60 ہزار کروڑ کا قرض دیا ہے اور اس پراجکٹ کی جانچ کے بغیر یہ قرض جاری کیا گیا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کے ذریعہ بی جے پی نے اپنی حکمرانی کو یقینی بنایا اور کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیو ںمیں ان کی مدد کرتے ہوئے انہیں تحفظ فراہم کیاگیا ہے۔ریاستی وزیر نے استفسار کیا کہ مرکزی حکومت نے 10 سال تک حکومت تلنگانہ کی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں پر کیوں خاموش تماشائی بنی رہی!انہو ںنے الزام عائد کیا کہ بھارت راشٹرسمیتی کو صرف کالیشورم معاملہ میں نہیں بلکہ دیگر کئی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے معاملات میں مرکزی حکومت کی جانب سے کاروائی کے بجائے نظرانداز کرنے کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے یہ باور کروایا جاتا رہا کہ ریاست میںکوئی بدعنوانیاں نہیں ہوئی ہیں اور اب جبکہ تلنگانہ میں عوام نے آمرانہ طرز حکمرانی کے خاتمہ کے ذریعہ عوامی حکومت کو اقتدار تفویض کیا ہے تو ایسی صورت میں عوامی حکومت سے سوال کرتے ہوئے بی جے پی قائدین بی آر ایس کو بچانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔3