حیدرآباد /17 مارچ ( سیاست نیوز ) شراب ترک کرنے کی ضد کرنے والی بیوی کا قتل کرنے والے ایک شخص کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ ایل بی نگر کی ایک عدالت نے جیڈی میٹلہ پولیس کے سال 2016 کے ایک مقدمہ میں ملزم 33 سالہ سید باشاہ کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ سید باشاہ نے سال 2016 میں اس کی بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کیا تھا اور اس کی سالی نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی ۔ مائلاردورم ویلیج کرشنا ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے سید باشاہ نے تقریباً 8 سال قبل اپنی پسند سے شادی کی تھی ۔ دونوں لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے ۔ اس شادی کیلئے باشاہ کے والدین راضی نہیں تھے اور والدین کی مرضی کے خلاف اس نے لڑکی سے لو میاریج کیا اور حیدرآباد منتقل ہوگیا ۔ پیشہ سے کارپینٹر کا کام کرنے والے باشاہ جیڈی میٹلہ کے علاقہ سورارم میں مکان کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے زندگی بسر کرنے لگا ۔ چند روز بعد اس نے شراب کا استعمال کرنا شروع کردیا اور اس کی یہ عادت بڑھتی گئی ۔اس دوران باشاہ کی بیوی نے شوہر کی شراب نوشی پر سخت اعتراض کیا اور شراب ترک کرنے کا مطالبہ کرنے لگی ۔ اس بات پر باشاہ بیوی سے جھگڑا کرنے لگا اور اس کو مارپیٹ کا نشانہ بناتا تھا ۔ سال 2016 میں 22 اکٹوبر کی رات دیر گئے نشہ کی حالت میں مکان پہونچکر اس نے بیوی سے جھگڑا کیا اور اس کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنانے کے بعد اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ جیڈی میٹلہ پولیس نے اس کیس کی چارج شیٹ کو آج عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے فیصلہ سنایا ۔