شراب خانہ کے خلاف تلنگانہ بی جے پی مہیلامورچہ کا دھرنا

   

حیدرآباد۔ شراب خانہ کے خلاف تلنگانہ بی جے پی مہیلامورچہ کی جانب سے دھرنادیاگیا۔ ضلع رنگاریڈی کے منی کونڈہ بلدیہ کے حدود کی الکاپور ٹاون شپ کے قریب اس شراب کی دکان کے خلاف دھرنادیاگیاجو حال ہی میں قائم کی گئی ہے ۔منی کونڈہ کونسلر سمیت کالونی کی خواتین نے بھی اس احتجاجی دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے اس شراب خانہ کو فوری طورپر یہاں سے منتقل کرنے یا پھر بند کرنے کامطالبہ کیا اور اپنے مطالبہ کی حمایت میں نعرے بازی کی۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس علاقہ میں شام کے وقت ضعیف خواتین چہل قدمی کے لئے جاتی ہیں۔ایسے میں شرابیوں کی جانب سے ان کے طلائی زیور چھینے اور دیگر مختلف جرائم کی وارداتوں کا خدشہ ہے ۔اسی لئے اس دکان کو فوری طورپر بند کرنا چاہئے تاکہ کسی بھی قسم کے امکانی جرائم کے واقعات نہ ہونے پائیں اور خواتین میں سلامتی کا احساس پیداہو۔