حیدرآباد 9 جولائی (سیاست نیوز) ایسا لگتا ہے کہ شہر میں پرامن فضاء کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کل سعیدآباد میں مندر بنانے ناکام کوشش کے بعد آج آصف نگر زیبا باغ میں معمولی واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ مسلمانوں کے مکان کے روبرو شراب نوشی پر اعتراض پر اشرار نے مسلمانوں کے مکانات پر سنگباری کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ زیبا باغ اے کلاس علاقہ میں آج رات یہ واقعہ پیش آیا جس کے بعد پولیس فورس تعینات کردی گئی۔ اشرار نے اِس واقعہ پر چاند نامی شخص کے مکان پر پتھراو کیا اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ اعلی پولیس عہدیدار وہاں پہونچ گئے اور چاند اور اُسکے افراد خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ پٹرولنگ گاڑیوں کو علاقہ میں تعینات کردیا گیا اور پولیس گشت میں شدت پیدا کردی گئی۔
