شراب نوشی کے مسئلہ پر دو گروپس میں جھگڑا،ایک شخص ہلاک، 6 زخمی

   

حیدرآباد : /2 جنوری (سیاست نیوز) ایل بی نگر علاقہ میں ایک واقعہ پیش آیا جس میں شراب نوشی کے مسئلہ پر دونوں گروپس کے تصادم کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ 6 زخمی ہوگئے ۔ انسپکٹر ایل بی نگر پولیس اسٹیشن پی اشوک ریڈی کے مطابق کے کے گارڈن فنکشن ہال سے متصل کھلی اراضی پر بعض افراد کی جانب سے سالگرہ تقریب منائی گئی تھی اور اس دوران اس میں شامل ہونے والے تمام افراد نے کثرت سے شراب نوشی کی ۔ شراب پینے کے مسئلہ پر وہاں پر موجود افراد دو گروپس میں بٹ گئے اور ایک دوسرے پر آہنی سلاخوں اور لاٹھیوں سے ایک دوسرے پر حملہ کردیا ۔ اس واقعہ میں بڑنگ پیٹ کے ساکن 32 سالہ وائی نرسمہا ریڈی مقام واردات پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے اور انہیں خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ شراب نوشی کے مسئلہ پر دو گروپس میں آپس میں جھگڑا کیا ۔ اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے نرسمہا ریڈی کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور قتل و اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات جاری ہے اور بعض افراد کو بھی حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے ۔