حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : موجودہ دور میں ٹکنالوجی کے استعمال کے علاوہ مئے نوشی ایک فیشن بن گیا ہے ۔ سماج میں شراب نوشی کرنے والوں کا ایک الگ ہی انداز ہوگیا ہے ۔ خوشی ہو یا غم دعوت ہو یا تقریب سالگرہ ہو یا برسی شراب پینے کے لیے اب صرف بہانے چاہئے اور ملک بھر میں تلنگانہ کا مقام ایک علحدہ شناخت بنا چکا ہے اور یہاں کی عوام کا انداز ہی نرالہ بن گیا ہے ۔ شراب پینے والوں کی فہرست میں تلنگانہ سرفہرست بن گیا ہے ۔ قومی ہیلت سروے کی رپورٹ کو مان کر چلیں تو یہ کہنا غیر درست نہیں ہوگا کہ شراب استعمال کرنے والوں میں تلنگانہ کا کوئی مقابلہ نہیں ۔ قومی ہیلت سروے کے مطابق ملک بھر میں سب سے زیادہ شراب ریاست تلنگانہ میں استعمال کی جاتی ہے ایک طرف نشہ کی لعنت کو دور کرنے اور نشہ سے پاک ریاست بنانے کے لیے اقدامات کا دعویٰ اور دوسری طرف شراب کے معاملہ میں ملک میں سرفہرست مقام حالانکہ ریاست میں گانجہ اور دیگر نشیلی اشیاء اور منشیات کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت گیر اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس کے بہترین نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔ پڑوسی ریاستوں سے پڑوسی ریاستوں کو منتقل ہونے والے گانجہ کی بڑی مقدار کو پولیس ضبط کررہی ہے اور منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں تو دوسری طرف شراب کا استعمال بھی کرنے میں ریاست کا اعلیٰ مقام پایا جاتا ہے ۔۔ ع