سرکاری ملازمین کو نقصان، وی ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ نے سائبر آباد اور رچاکنڈہ کے حدود میں شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف پولیس کی خصوصی مہم پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ چالان کے بعد ایسے افراد کو جیل بھیج دینے کی تجویز ہے۔ اس طرح کے فیصلہ سے کئی سرکاری ملازمین اپنی ملازمت سے محروم ہوسکتے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ سائبر آباد اور رچا کنڈہ کے بعد یہ مہم حیدرآباد کے حدود میں شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس طرح کی تجویز سے فوری دستبرداری اختیار کرنی چاہئے ۔ سرکاری ملازمین کے جیل جانے پر ان کی ملازمت خطرہ میں پڑسکتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر ایک طرف شراب نوشی کو فروغ دے رہے ہیں تو دوسری طرف اس طرح کی پابندیوں کے ذریعہ عوام کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار شاپس کے لائسنس کی منسوخی کے سبب عوام کھلے عام شراب نوشی پر مجبور ہورہے ہیں۔ انہوں نے لائسنس بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائین شاپس میں پرمٹ روم کی سہولت دی گئی جس کے باعث وہاں شراب نوشی بڑھ گئی ہے۔ حکومت بیروزگار نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی لیکن شراب کو عام کرنے کے سلسلہ میں کئی افراد کو روزگار حاصل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سڑک پر شراب نوشی کرتا ہے تو اسے چالان کیا جائے۔ انہوں نے وائین شاپس کے پرمٹ روم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں راشن شاپس سے زیادہ شراب کی دکانیں ہیں۔