شراب کی خریدی کیلئے آندھرا پردیش سے آنے والوں پر روک لگادی گئی

   

کھمم میں کیسس میں اضافہ کے بعد حکام کا فیصلہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں صبح 4 گھنٹے کے وقفہ کے دوران شراب کی بڑے پیمانے پر فروخت کی اطلاعات ملی ہیں۔ نہ صرف تلنگانہ بلکہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے عوام شراب کی خریدی کیلئے سرحدی اضلاع کا رُخ کررہے ہیں۔ کھمم ضلع میں کورونا کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکام نے آندھرا پردیش کے افراد کے داخلہ پر پابندی عائد کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کھمم ضلع کے آندھرا پردیش سے متصل منڈلوں میں بڑی تعداد میں آندھرائی عوام وقفہ کے دوران پہنچ کر شراب کی خریدی میں مصروف ہیں۔ حکام کی جانب سے انہیں آمد کی اجازت دی جارہی تھی لیکن گزشتہ چند دنوں میں ضلع میں کورونا کیسس میں اضافہ کے بعد محکمہ صحت نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ آندھرا سے عوام کی آمد کو روکا جائے کیونکہ شراب کی خریدی کیلئے آنے والوں سے کورونا پھیلنے کے امکانات ہیں۔ ستو پلی اسمبلی حلقہ میں 7 چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں۔ حکام کو اندیشہ ہے کہ شراب کی خریدی کیلئے آنے والے افراد میں کورونا کے متاثرین ہونے سے کھمم کو مزید نقصان ہوگا۔سرحد سے متصلہ مواضعات میں کیسس کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ضلع حکام نے شراب کیلئے آنے والوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ اسی دوران ضلع کلکٹر نے کئی آئسولیشن سنٹرس اور کوویڈ کیئر سنٹرس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع میں 49 خانگی دواخانوں کو کورونا کے علاج کی اجازت دی گئی ہے۔