حیدرآباد ۔ /31 مارچ (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے دور ان جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کو سوشیل میڈیا پر پھیلانے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کرنا شروع کردیا ہے ۔ محکمہ آبکاری کا فرضی جی او تیار کرکے اسے سوشیل میڈیا پر گشت کروانے والے ایک نوجوانوں کو سائبرکرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 38 سالہ کے سنیش کمار عرف سنی ساکن اوپل نے محکمہ آبکاری کے ڈائرکٹر کے نام سے ایک فرضی جی او تیار کیا اور اسے سوشیل میڈیا پر کثرت سے گشت کروایا ۔ فرضی حکم نامہ میں سنی نے یہ تحریر کیا تھا کہ لاک ڈاون کے دوران شراب کی دوکانات کو مقررہ وقت تک کھلے رہنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ اس فرضی جی او کے پیش نظر شراب نوشی کرنے والے افراد شراب کی دوکانات کو شراب خریدنے کیلئے پہونچنے لگے جس کے نتیجہ میں پولیس پریشان ہوگئی ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کیا تھا اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر کے سنیش کمار اور اس کے ساتھیوں کا پتہ لگایا ۔ سنیش کمار نے ڈائرکٹر پروہیبیشن اکسائز کی فرضی دستخط بھی کی تھی ۔ گرفتار نوجوان کو عدالتی تحویل میں بھیجا جارہا ہے جبکہ 5 افراد کو نوٹس جاری کی گئی ہے ۔